بھٹکل 30 جولائی (ایس او نیوز)اِس بار سکینڈ پی یو سی میں انجمن پی یو کالج فورگرلز کے نتائج نہایت شاندار رہے اورطالبات نمایاں کامیابی درج کرتے ہوئے پورے شہر میں انجمن کا نام روشن کرنے میں کامیاب رہیں۔ اس تعلق سے انجمن حامئی مسلمین کی طرف سے نمایاں نمبرات لے کر کامیاب ہونے والی طالبات کی تہنیت اور اُن ستائش کرنےکے مقصد سے آمنہ ہال میں خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا اور طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔
زوردار بارش کے باوجود علم دوستی اورعلم پرورخواتین کے جم غفیر نے اس تقریب میں شرکت کی۔مختلف تعلیمی اداروں کی میر مدرسہ اور اراکین زنانہ مشاورتی کمیٹی نے اس تقریب میں اپنی موجودگی سےچار چاند لگا دیئے۔
اس مبارک موقع پرانجمن کی سابقہ کمپیوٹر لیکچرر استانی محترمہ نور اصحد محتشم ( ٹیچر انڈیا انٹرنیشنل اسکول، یو اے ای) بحیثیت مہمان خصوصی شریک تھیں۔ محترمہ بی بی حسنہ جوکاکو (انچارج بی بی مونٹیسوری) اورسابق اردو لیکچرارمحترمہ فاطمہ مہناز اکرمی ( ٹیچر گلف ایشن اسکول یو، اے ای) بحیثیت مہمان اعزازی شریک تقریب رہیں۔ محترمہ سیما قاسمجی (صدر انجمن زنانہ مشاورتی کمیٹی) کی زیر صدارت منعقدہ اس تقریب میں معززین شہر اور اولیائے طالبات کو مدعو کیا گیا تھا۔
محترمہ نوری اصحد محتشم نے اپنے خطاب میں صبر و شکر، تعمیری سوچ، مثبت انداز فکر کو مختلف مثالوں کے ذریعے سمجھایا اور نونہالان قوم کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔محترمہ فاطمہ مہ ناز اکرمی نے علم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مختلف مثالوں اور اشعار کے ذریعے بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔ محترمہ بی بی حسنہ جوکاکو نے اسلامی طرز فکر کی نمائندگی کرتے ہوئے اخلاق و احسان پر کاربند رہنے کی نصیحت کی۔ محترمہ سیما قاسمجی نے بتایا کہ علم ہی انسان کو اخلاق، مہذب اور بہترین انسان بناتا ہے۔
انجمن حامئ مسلمین کا یہ اختصاص رہا ہے کہ اس نے اعلیٰ اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ اور امتیازی کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کی ستائش میں کبھی کوئی کسر نہیں چھوڑی۔اس موقع پر طالبات کو نقد انعامات، میڈل، شال، مومنٹو اور سرٹیفکٹ سے نوازا گیا۔
ضلعی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کے اسما درج ذیل ہیں:
ساجدہ، فاطمہ زہرہ اور خدیجہ ثمرین
سالانہ امتحان میں امتیازی کامیابی حاصل کرنے والی طالبات درج ذیل ہیں:
شعبہ سائنس :
1 ستارہ شاہین بنت قمرالزماں محتشم
2 عائشہ مہک بنت عنایت اللہ گوائی
3 شاہینہ بنت عبد الحسین
شعبہ کامرس :
1 نونین بنت محسن کولا
2. حنین بنت محمد حارث
3.حفصہ بنت برکت پیشمام
شعبہ آرٹس :
1 ساجدہ بنت محمد نثار شیخ
2. فاطمہ زہرہ بنت ابراہیم دامودی اور خدیجہ ثمرین بنت افتخار شیخ
ان کے علاوہ کسی ایک مضمون میں 100/100مارکس حاصل کرنے والی 26 طالبات کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں اساتذہ کی تدریسی مہارتوں کی شناخت کرتے ہوئے بہ طور اعتراف خدمات پرنسپل فرزانہ محمد محتشم اور وائس پرنسپل طالعہ معلم کو 10 ہزار، تمام اساتذہ کو پانچ ہزار اور نان ٹیچنگ اسٹاف کو 2 ہزار روپیوں کے نقد انعامات سے نوازا گیا۔
ناظم جلسہ، کمپیوٹرسائنس لکچرر محترمہ مریم زیبا شوپا نے، نہایت عرق ریزی سے پی پی ٹی کے ذریعے کالج میں طالبات کی سال بہ سال بڑھتی تعداد، رزلٹس، ٹاپرس کی فہرستیں اور ترقی کا بلند ہوتا گراف دکھایا۔
جس کالج کا آغاز 1980 میں 22 طالبات سے ہوا تھا، الحمد اللہ آج اس کی تعداد 802 تک پہنچ چکی ہے۔ مزید یہ کہ ہر سال اپنے بہترین نتائج کے ذریعے اس کالج نے ضلعی سطح پر اپنا لوہا منوایا ہے۔ اس کالج کو کمال شفقت اور احسن انداز سے چلانے والی سابق پرنسپلس مرحومہ رشیدہ بادشاہ، محترمہ زبیدہ عبدالرحمن اور محترمہ امت المقیط کی خدمات کو پی پی ٹی کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
مخلص و محنتی اکنامکس لیکچرر اپوروا پربھو جو ایک ماہ قبل اس دار فانی سے کوچ کر گئیں، ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی والدہ کی شال پوشی کی گئی اور پی پی ٹی کے ذریعے انھیں بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
امسال روایتی نظام سے گریز کرتے ہوئے نئے معیارات قائم کرنے کی لگن میں، تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں پربھی خوب توجہ مرکوز رکھی گئی۔ طالبات میں جمہوری طرز حکومت اور ووٹ کے تئیں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے باقاعدہ انتخابات منعقد کیے گئے۔ اخلاقی، علمی، عقلی، نفسیاتی اور ہنرمندی کی بنیاد پراساتذہ نے طالبات کا انتخاب کیا۔ ان طالبات نے انتخابی تقاریر اورتشہیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ باقاعدہ پولنگ بوتھ، ووٹر لسٹ، دوات اور بیلٹ باکس کے ذریعے ووٹنگ کا ماحول تیار کیا گیا۔ طالبات نےآزادانہ ماحول میں سب سے زیادہ ووٹ سیکنڈ کامرس کی طرفہ طیبہ بنت محمد خالد ایم جے کو دے کرکالج کیپٹن منتخب کیا۔ سائنس کی فاطمہ ردا بنت عتیق الرحمن شاہ بندری وائس کیپٹن منتخب ہوئیں۔آرٹس کی حفصہ ترنم بنت عبدالوارث اسپورٹس لیڈر، سائنس کی عائشہ ذوالعین بنت ظاہرعباس شیخ ڈسپلن لیڈر، کامرس کی عائشہ افراح سعیدی کلچرل لیڈر، آرٹس کی سہا بنت محمد اشرف کاکو، ایکو لیڈر، آرٹس کی عمل پلور بنت ابراہیم خلیل، ایڈیٹوریل لیڈر، اور آرٹس کی عائشہ ردا قاضی کلینلی نیس لیڈر، فاطمہ صفوا بنت سید محمد واصف ایونٹ مینیجر اور فاطمہ ریفا بنت رئیس احمد فائن آرٹس لیڈر منتخب ہوئیں ۔ پرنسپل ڈاکٹر فرزانہ فرح نے تاج، نام اور عہدوں سے مزین رنگین پٹکے (Sash) پہنا کرمبارک باد دی۔اس جلسہ میں حلف برداری کا اہتمام بھی کیا گیا۔
آخر میں ثقافتی پروگرامس پیش کیے گئے۔ ناظرین کی لمحہ لمحہ گونجتی تالیاں جلسہ کی کامیابی کی غماز تھیں۔دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا.